آن لائن آرڈر دینے والے اور بائیک رائیڈر کی سہولت حاصل کرنے والے ہوشیار رہیں کہیں لینے کے دینے نا پڑ جائیں, جی ہاں کیوں کہ کراچی میں بائیک رائیڈر کے روپ میں ڈکیتی کی وارداتوں کا انکشاف ہواہے, ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے بائیکیا رائیڈر کے روپ دھارے معصوم شہریوں سے ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے ڈکیت گینگ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں سمیت ڈکیتی کی وارداتیں کرنے کے بعد اسلحہ ایمونیشن کو بیگ میں چھپا کر بائیکیا کا ہیلمٹ پہن لیا کرتا تھا، پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم امجد خان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 24 ستمبر کو تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں کار سوار شہری کو اسلحہ کے زور پر واردات کا نشانہ بنایا اور موبائل فون چھیننے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے تھے ۔
ایک اور واردات کار سوار شہری سے تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے اسٹیڈیم روڈ خاتون پاکستان کالج کے سامنے کی، جس میں شہری سے ایک 9 ایم ایم پستول، 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوئے گئے تھے، تیسری واردات تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں کی گئی جس میں ملزمان نے شہری سے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور نقدی چھین لی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیرقانونی 9 ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن، بائیکیا ہیلمٹ اور رقم برآمد ہوئی ہے جس کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
دورانِ تفتیش ملزم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں 25 سے زیادہ وارداتوں کا انکشاف کیا, گرفتار ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے، جبکہ ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔