ایک ہی بیوی کافی ہے، دوسری بوجھ اضافی ہے!

abidhassan

Voter (50+ posts)
ایک ہی بیوی کافی ہے، دوسری بوجھ اضافی ہے!

تحریر: عابد حسن


گزشتہ دنوں ایک خبرنظر سے گزری جو کئی قومی اور غیر ملکی اخباروں کی زینت بنی جس میں بتایا گیا تھا کہ افریقی ملک اریٹیریا میں مردوں کی تعداد انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے حکومت نے ہر مرد کو دو شادیوں کا حکم جاری کیا ہے اور اس سے انکار پر مردوں کو جیل بھیج دیا جائے گا۔جو خاتون اپنے شوہر کودوسری شادی سے روکے گی اس کو بھی جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔اس خبر سے جہاں ایریٹیریا کے مردوں کو رشک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے وہیں بہت سے پاکستانی مردوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ امید کرنے لگے ہیں کہ شاید کبھی پاکستان میں بھی ایسا قانون نافذہو جائے اور وہ اپنی چھپی ہوئی خواہشات کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔
میرے کچھ دوست ٹریول ایجنسی سے اریٹیریا کے ٹکٹ کے بارے میں معلومات لیتے ہوئے پائے گئے۔ملک صاحب نے تواپنی بیگم کو یہ کہہ کر اریٹیریا جانے کے لیئے اجازت بھی لے لی کہ کمپنی نے ان کو کنٹری مینیجر بنا کر وہاں ٹرانسفر کر دیا ہے۔بیگم اس بات پہ خوش کے ساتھ حیران بھی تھی کہ ملک صاحب جس تکہ شاپ پرمینیجر ہیں وہ اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے کہ انہوں نے اپنی برانچز افریقہ میں بھی کھولنا شروع کر دی ہیں۔حالانکہ پچھلے مہینے جب بیگم نے نئے سوٹ کی فرمائش کی تو ملک صاحب نے بہانہ بنایا کہ کمپنی کے حالات ٹھیک نہیں ہیں اس لیئے فضول خرچی کی ضرورت نہیں۔
ابھی ملک صاحب اریٹیریا جانے کی تیاریوں میں ہی تھے کہ میری نظر بی بی سی کی اس خبر پر پڑی جس میں ایریٹیریا والی خبر کوافواہ قرار دیا گیا تھا۔ ایسی ہی افواہ کچھ مہینے پہلے عراق کے بارے میں بھی پھیلائی گئی تھی۔ اریٹیریا کی حکومت بھی اس خبر کو ناصرف غلط قرار دے چکی ہے بلکہ یہ بھی واضح کر چکی ہے کہ ان کے ملک میں دوسری شادی ایک جرم ہے۔جیسے ہی میں نے یہ تشویشناک خبر ملک صاحب کو بتائی توان کا چہرہ مرجھا گیا جیسے چھن سے کوئی سپنا ٹوٹ گیا ہو۔
کئی خلیجی ممالک میں دویا اس سے ذیادہ شادیاں کوئی بڑی بات نہیں، بڑی بات تب ہے جب آپ نے صرف ایک شادی کی ہو۔کچھ عرصہ پہلے جب میں اپنی شادی کے کچھ دن بعد دفتر میں مٹھائی لے کر گیا تومیرے ایک سعودی کولیگ نے خوشی سے مجھے گلے لگالیا، لیکن جیسے ہی اس کو پتہ چلا کہ یہ میری پہلی شادی ہے تو بہت حیران ہوا کہ ابھی صرف پہلی ہی ہے،اس عمر تک تووہ دو کر چکا تھا۔شاید اسی لیئے کہا جاتا ہے کہ سعودی بیویاں نت نئی فرمائشیں کر کے اپنے شوہروں کا خرچہ کرواتی رہتی ہیں، تاکہ وہ پیسے جمع کر کے ایک اور شادی نا کر لے۔
عرب ممالک میں پاکستان کے برعکس شوہر کو شادی کے تمام اخراجات اوربھاری بھر کم مہر ادا کرنا ہوتا ہے لیکن پھر بھی مرد دوسری شادی کے لیئے گنجائش نکال ہی لیتے ہیں۔ جیسے ہی مطلوبہ رقم جمع ہوتی ہے، وہ ایک اور شادی کر لیتے ہیں۔ پاکستان میں جب لڑکی والے لڑکے کو دیکھنے جاتے ہیں تولڑکے کی مالی حالت کو ایسے بیان کیا جاتا ہے جیسے پاکستان کا بینکنگ سسٹم اسی کے پیسوں سے چل رہا ہے، جس دن لڑکے نے پیسے نکال لیئے، سارے بینک بند ہو جائیں گے۔حق مہر کے موقع پر صورتحال بالکل الٹ ہو جاتی ہے اور ایسالگتا ہے جیسے لڑکے کا گزارہ بے نظیرانکم سپورٹ پر ہو رہا ہے۔کئی لوگ شریعت کا سہارا لے کر حق مہر 32 روپے بھی رکھتے ہیں۔ لیکن کوئی یہ نہیں سوچتا کہ شریعت کی رو سے حق مہر لڑکے کی حیثیت کے مطابق اور لڑکی کی رضامندی سے ہونا چاہیئے۔
پاکستان میں شادی کے لیئےمسلم فیملی لاء آرڈینینس 1961نافذ ہے جس کے مطابق اگر کوئی مرددوسری شادی کرنا چاہتا ہے تو اس کو پہلی بیوی کی اجازت درکار ہوتی ہے۔ لیکن ہمارے ہاں ایسا شازو نادر ہی ہوتا ہے کہ مرد دوسری شادی کے لیئے پہلی بیوی کے پاؤں میں بیٹھا اجازت طلب کر رہا ہو۔اکثر مرد اپنی دوسری شادی کو خفیہ رکھنے کی ہی کوشش کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ کچھ دن پہلے ملتان میں پیش آیا جہا دوسری شادی کے جذبے سے سرشار اللہ رکھا نے اپنی پہلی بیوی کو بتائے بغیر دوسری شادی کا اہتمام کیا لیکن پہلی بیوی سونیا کو اطلاع ہو گئی جس نے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مل کرعین نکاح سے پہلے شادی کی تقریب پر دھاوا بول دیااوردلہا کی درگت بنانی شروع کردی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا اور اس کے ارمان بھی ویسے ہی آنسوؤں میں بہہ گئے جیسے ملک صاحب کے اریٹیریاکا پلان چوپٹ ہونے پر بہے تھے۔
ہر بیوی سونیا کی طرح باخبر نہیں ہوتی،اس لیئے کئی شوہر اپنی دوسری شادی کو پہلی بیوی سے کچھ عرصہ تک چھپانے میں کامیاب ہو ہی جاتے ہیں لیکن یہ راز ہمیشہ راز نہیں رہ سکتا۔ایسا ہی ایک واقعہ کچھ عرصہ پہلے لاہور میں پیش آیا جہاں کلثوم نامی خاتون نے اپنے خاوند سلمان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کر دیا۔کلثوم بی بی نے عدالت میں بتایا کہ اس کے شوہر نے نکاح نامہ میں تحریر کیا تھا کہ اگر وہ دوسری شادی کرتا ہے تو وہ پہلی بیوی کو تین لاکھ روپے ادا کرے گا۔ لیکن دو ماہ پہلے اس نے بغیربتائے دوسری شادی کر لی ہے۔عدالت نے جب سلمان کو طلب کیا تو کلثوم بی بی نے کمرہ عدالت میں ہی اس پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کلثوم کواپنے شوہر کی دوسری شادی پر اعتراض ہے یا تین لاکھ نہ ملنے کا غصہ۔
کہتے ہیں پہلی شادی عقل کی تخیل پر فتح ہوتی ہے اور دوسری شادی امید کی تجربہ پر فتح۔پہلی شادی کے تجربہ کے باوجود اگر کوئی مرد دوسری شادی کرنا چاہتا ہے تو اس کا مطب یہ ہے کہ وہ ابھی دنیا سے مایوس نہیں ہوا۔میں نے اپنے دوست شیخ صاحب سے پوچھا پاکستانی میں (بیوی کی اجازت کے بغیر) دوسری شادی کی اجازت کیوں نہیں ہے؟ بولے، پاکستانی قانون کے مطابق کسی کو بھی ایک جرم میں ایک سے ذیادہ بار سزا نہیں دی جا سکتی۔میری بیگم اکثر مجھے دوسری شادی کا مشورہ دیتے ہوئے کہتی ہے کہ تمہیں پتا چل جائے گا بیویاں کیسی ہوتی ہیں۔ حالانکہ وہ جانتی ہے کہ میں ایک غلطی دوبارہ نہیں کرتا۔
عموما دو بیویاں رکھنے والے مرد حضرات کو آٹے دال کا بھاؤ جلد معلوم ہو جاتا ہے جب دو خاندانوں کی کفالت کرنا پڑتی ہے۔دوسری شادی کے بعدجب پیار عشق اور محبت، آٹا دال اور سبزی میں بدلتے ہیں تو ہوش ٹھکانے آجاتے ہیں۔اس لیئے ایسا قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا چاہئے، لیکن بقول شیخ صاحب، اگر سوچا سمجھا جائے تو شادی ہی کیونکر کی جائے؟
ہمارے ہاں عموما پہلی شادی گھر والوں کی مرضی سے ہوتی ہے، لیکن دوسری شادی کے لیئے مرد خود ہمت کرتا ہے۔جس میں بعض اوقات گھر والوں اور پہلی بیوی کو نیچا دکھانا مقصود ہوتا ہے۔لیکن مرد ایسا کرتے ہوئے یہ نہیں سوچتے کہ پہلی بیوی نے بھی تو گھر والوں کی مرضی سے آپ سے شادی کی ہے ، اس لیئے اس کو کیوں سزا دی جائے۔بعض اوقات حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ دوسری شادی کی ضرورت پیش آجاتی ہے، ایسی صور ت میں بھی خاندان اور پہلی بیوی سے مشورہ کر لینابعد کی پریشانیوں سے بچاتا ہے۔
shadi_mubarak_scheme.jpg

http://www.dunyapakistan.com/80204/ایک-ہی-بیوی-کافی-ہے،-دوسری-بوجھ-اضافی-ہے/

 
Last edited by a moderator:

There is only 1

Chief Minister (5k+ posts)
کالج میں ہمارے اسلامیات کے استاد بھی ایک دن یہی نصیحت کر رہے تھے کہ

ایتھے تے اک وی نئی سنبھالی جاتی

ہم سمجھ رہے تھے کہ مولانا شاید مالی مشکلات کا ذکر کر رہے ہیں لیکن اگلے ہی جملے کے بعد سارے لفنڈر چیخ مار کر بیہوش ہو گیے
 

abidhassan

Voter (50+ posts)
کالج میں ہمارے اسلامیات کے استاد بھی ایک دن یہی نصیحت کر رہے تھے کہ

ایتھے تے اک وی نئی سنبھالی جاتی

ہم سمجھ رہے تھے کہ مولانا شاید مالی مشکلات کا ذکر کر رہے ہیں لیکن اگلے ہی جملے کے بعد سارے لفنڈر چیخ مار کر بیہوش ہو گیے

اگلا جملہ کیا تھا؟
 

taban

Chief Minister (5k+ posts)
ایک هم هیں که پشیماں هوئے ایسے که بس
ایک وه هیں کهجنہیں شادی کے ارماں هوں گے
مومن صاحب سے معذرت کے ساتهه
 

Back
Top