چلو چھوڑو اس بات کو کہ کون غلط ہے، کون صحیح ہے۔ سچ اور جھوٹ سب گڈ مڈ ہو کر رہ گئے ہیں، میں تمہیں بتا رہا تھا کہ بعض اخباروں کی چنگھارتی ہوئی سرخیوں نے مجھے پاگل کر دیا ہے۔ میں جب پولیس کی موبائل گاڑی دیکھتا ہوں تو خوف سے میرا رنگ پیلا پڑ جاتا ہے۔ مجھے لگتا ہے ابھی پانچ چھ سپاہی گاڑی سے اتریں گے، اور مجھے رائفل کے بٹ مارتے ہوئے وین میں بٹھا کر تھانے لے جائیں گے اور اگلے روز میری تصویر کے ساتھ اخبار میں خبر چھپی ہوگی کہ مجرموں کے گروہ کا ایک اور سرکردہ رکن گرفتار کر لیا گیا!۔
