وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ایک قومی اثاثہ ہے جس کی ریاست غیرت مندی سے حفاظت کرتی ہے۔ پی ایم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ٹی وی، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر رافیل ماریانو گروسی کے دورے کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے سوشل اور پرنٹ میڈیا پر گردش کرنے والے حالیہ تمام بیانات، پریس ریلیز، سوالات اور مختلف دعوؤں میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کے دورہ پاکستان کے تناظر میں پرامن ایٹمی پروگرام کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ایک قومی اثاثہ ہے جس کی ریاست غیرت مندی سے حفاظت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل پروگرام کلی طور پر محفوظ، فول پروف اور کسی بھی دباؤ کے بغیر ہے۔