
(ملک اشرف): لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں بیگم کلثوم نواز کو کامیاب کرانے کے لیے مبینہ طور پر سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی، ریٹرننگ افسر محمد شاہد نے جواب جمع کرایا ہے کہ سرکاری وسائل استعمال نہیں ہو رہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید کاظم رضا شمسی نےعوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر این اے 120 کے ریٹرننگ افسر محمد شاہد عدالت پیش ہوئے، انہوں نے جواب جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سرکاری وسائل کا استعمال نہیں ہو رہا۔
درخواست گزار نے حکومتی وسائل کے استعمال کے خلاف ریٹرننگ افسر کو درخواست بھی نہیں دی۔ اب درخواست گزار پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار کی حیثیت سے بھی دستبردار ہوچکا ہے۔ اس لئے وہ اب عدالت سے رجوع کرنے کا بھی اہل نہیں۔ عوامی تحریک کے وکیل اشتیاق چوہدری نے موقف اختیار کیاکہ پنجاب میں سابق وزیر اعظم کے بھائی میاں محمد شہباز شریف کی حکومت ہے اور میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ این اے 120 سے امیدوار ہیں۔
پولیس سمیت دیگر سرکاری محکمے شہباز شریف کے ماتحت ہیں جس کی وجہ سے دھاندلی کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت پنجاب ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔اشتیاق چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کے اراکین پارلیمنٹ مسلسل حلقے کا دورہ کر رہے ہیں
اور کلثوم نواز کے حق میں مراعات اور لالچ دے کر الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جو الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس حوالے سے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی مگر کارروائی نہیں کی گئی۔ درخواست گزار نے استدعاکی کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے سرکاری وسائل اورمشینری کے استعمال اور اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے حلقے کے دورے پر پابندی عائد کی جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی۔
Source
- Featured Thumbs
- http://i.imgur.com/rkCJzT2.jpg