ایبٹ آباد میں ایف آئی اے کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے کم سن بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل نے ایبٹ آباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنوگرافی اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث ایک اہم ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
کارروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف ایک عالمی ادارے کی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی گئی۔
ملزم بچوں کو دینی تعلیم دینے کی آڑ میں کم سن بچوں کا جنسی استحصال کرتا اور ایسی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر ریکارڈ کرتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم ان نازیبا ویڈیوز و تصاویر کو آن لائن شیئر کرتا تھا، ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چار موبائل فونز،لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ ڈیوائسز برآمد کیے گئے ہیں جس میں سے 500 سے زائد نازیبا ویڈیوز و تصاویر برآمد کی گئی ہیں۔