ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبریں بے بنیاد ہیں، بی سی سی آئی کی وضاحت

image.png



نئی دہلی — بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے دیگر ایونٹس سے دستبرداری کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے نہ کوئی فیصلہ ہوا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی بات چیت کی گئی ہے۔


بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے بھارتی میڈیا کی ان خبروں کو "قیاس آرائی پر مبنی اور بے بنیاد" قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث ایشیا کپ سمیت دیگر ایشیائی ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیواجیت سائیکیا نے کہا:
"آج صبح سے کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔"


انہوں نے واضح کیا کہ بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ اس معاملے پر کوئی مشاورت نہیں کی اور نہ ہی کسی سطح پر شرکت نہ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔
"اس وقت ہماری توجہ مکمل طور پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے۔"


دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ اے سی سی ایونٹس سے متعلق اگر کبھی کوئی فیصلہ کیا جائے گا تو اسے باقاعدہ میڈیا کے ذریعے عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
"ایشیا کپ یا کسی بھی اے سی سی ایونٹ پر اس وقت تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی، لہٰذا ایسی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔"


یاد رہے کہ آج صبح بھارتی میڈیا نے نامعلوم بی سی سی آئی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث ایشیا کپ اور اے سی سی کے دیگر مقابلوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے اس کی باضابطہ تردید کر دی گئی ہے۔


بی سی سی آئی کا یہ موقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس وقت کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال یا غیر ضروری تنازعات سے بچنے کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے، اور حتمی فیصلے کے لیے مناسب وقت اور پلیٹ فارم کا انتخاب کرے گا۔
 

Back
Top