اہم تعیناتی میں لگنے والوں پر نہیں لگانے والوں پر اعتراض ہے: فواد چوہدری

fawad-ch-imran-khan-army-cheif-apt.jpg


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ہمیں اہم تعیناتی میں لگنے والوں پر نہیں لگانے والوں پر اعتراض ہے ، جو لگانے والے ہیں وہ بیرون ملک چوری کے پیسوں سے خریدے گئے گھر پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اہم تعیناتی کو غیرمتنازع بنانے کی کوشش کی ہے جو لگانے والے ہیں وہ بیرون ملک چوری کے پیسوں سے خریدے گئے گھر پر بیٹھے ہیں،اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت پاپولر ہے نہ منتخب ہوکر آئی اور نہ ہی اخلاقی جواز رکھتی ہے، حکومت جس سہارے پر کھڑی ہے جیسے ہی وہ ختم ہوگا گر جائے گی۔


فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے راولپنڈی پہنچنے سے قبل انتخابات کا اعلان نہ ہونا بدقسمتی ہوگی، فیصلے کرنے میں جتنی تاخیر کریں گے تو ملک اور فیصلہ کرنے والوں کو نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں اور ان پر عمل کیا جاتا ہے جب تک فیصلوں میں عوام کو شامل نہیں کریں گے کوئی فائدہ نہیں ہے،پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا ہماری سیاسی جدوجہد گزشتہ سات ماہ سے جاری ہے الیکشن میں تاخیر سے ہمیں کوئی نقصان نہیں بلکہ سیاسی فائدہ ہورہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں یہ الیکشن پر راضی ہیں یا نہیں، الیکشن پر راضی ہوں گے تو بات بھی ہوجائے گی،آج معاشی صورت حال ایسی ہوگئی ہے کہ ہر شخص پریشان ہے، ہم فوری الیکشن کا مطالبہ ملک اور معیشت کے لیے کررہے ہیں۔