
پنجاب کے انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس کا کہنا ہے کہ اگر پولیس پر گولی چلائی جائے گی تو جواب گولی سے ہی دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عثمان انور نے پولیس لائنز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو قتل کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، ان کی جانب سے پنجاب پولیس پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں، پولیس کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے الزامات کا ہر سطح پر سامنا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،جوڈیشل کمیشن بنادیں یا کسی اور سطح کی تحقیقات کروالیں، ہم اپنی ٹیم کے ساتھ جواب دیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ اگر پولیس والوں کا قصور نکلا تو ہمیں سزادیں اگر الزام غلط ثابت ہوا تو الزام لگانے والوں کو سزادیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنا ہے، جلسے ہوں یا جلوس پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی، تاہم پولیس پر حملہ کرنے والوں کو ناصرف پسپا کریں گے بلکہ ان کا قلع قمع کریں گے، اگر کسی جگہ دہشت گردموجود ہوا تو اسے نہیں چھوڑیں گے، پولیس پر گولی چلائی جائے گی تو جواب بھی گولی سے دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسللام آباد نے میرےقتل کا منصوبہ بنایا ہے، مجھےمرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جاسکتا ہے۔