مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اگر شاہد خاقان پارٹی نا چھوڑتے تو مریم انہیں نکال دیتیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک انٹرویو کے دوران شاہد خاقان عباسی کی پارٹی سے دوری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پہلے ہی نواز شریف کو بتا چکے تھے کہ جیسے ہی پارٹی مریم نواز کے حوالے ہوگی وہ پیچھے ہٹ جائیں گے، جب بینظیر بھٹو نے پارٹی کو سنبھالا تھا تو پارٹی میں موجود تمام انکلز کو ہٹادیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے اسی لیے پارٹی چھوڑدی کہ اس سے پہلے مریم انہیں ہٹاتیں وہ خود ہی سائیڈ ہوگئے،شاہد خاقان عباسی کا موقف یہ تھا کہ عدم اعتماد کے بعد الیکشن کروایا جائے حکومت نا لی جائے، اگر حکومت لے لی ہے تو خالی نا بیٹھو اور کام کرو اور کسی مقصد کے تحت الیکشن میں اترو کیونکہ بنا مقصد کےالیکشن میں اترنے کا نتیجہ سب نے دیکھا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ میری اور شاہد خاقان کی سوچ ایک جیسی ہے، ن لیگ سے وہ تمام لوگ چلے گئے جن کو معیشت کے حوالےسے چیزوں کا ادراک تھا، جو بھی حکومت آئے گی اسے سب سے پہلے آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔
حکومت کے سامنے کئی راستے ہیں اور غلط راستہ پکڑنا، صراط مستقیم ایک ہی ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا جائے اور مہنگائی کم کی جائے، اگر آج سے اس فارمولے پر عمل کیا جائے تو اگلے 10 سے 15 سال بعد نتائج ملیں گے۔