
رانا ثناء اللہ انتہائی بزدل آدمی ہے، قتل کی دھمکیاں دینے اور قتل کے ارادے کے خلاف جلد قانونی کارروائی کروں گا: سابق وزیراعظم
سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج صدر کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹر (سی پی این ای) سے ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کی پاسداری کی خاطر میں ہر طرح کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کرنے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ انتہائی بزدل آدمی ہے، قتل کی دھمکیاں دینے اور قتل کے ارادے کے خلاف جلد قانونی کارروائی کروں گا۔ میری قتل کی سازش کرنے میں رانا ثناء اللہ کا کردار کلیدی ہے جبکہ 2 کرداروں کے نام میں پہلے ہی بیان کر چکا ہوں۔ میرے قتل کی سازش پر تحقیقات کو سبوتاژ کرنے میں تینوں اشخاص اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ وزیر داخلہ نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گرد مافیا کا رکن ہے، عابد شیر علی کے باپ ان کے بارے میں اچھے سے جانتے ہیں ان سے پوچھ لیں۔ عدالت عظمیٰ کو دبائو میں لانے کی کوششیں کرنا مسلم لیگ ن کا پرانا وطیرہ ہے ، یہ وہی ہیں جو سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار 30 اپریل کے انتخابات کو مدنظر رکھ کر اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے، اگر انتخابات مقررہ تاریخ سے آگے گئے تو یہ سمجھیں کہ قانون ختم ہو گیا۔ انتخابات کی تاریخ اس مافیا کی سیاسی موت ہو گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کوئی سیاسی اتحاد نہیں ہے بلکہ یہ چوروں کا گروہ ہے۔
دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کے خلاف ہر ضلع اور تحصیل میں مقدمات درج کروائے جائیں گے۔