ضلع اوکاڑہ میں 32 سال قبل ہونے والے ایک قتل کا مقدمہ مقتول کی بیوی اور سالے کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ کے قصبہ 45 جی ڈی میں 32 سال قبل لال حسین کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی محمد حسین کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں مقتول کی بیوی امیراں بی بی اور سالے حیات اور افضل کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ لال حسین اور اس کی اہلیہ امیراں بی بی کے درمیان اولاد نا ہونے کی وجہ سے لڑائی جھگڑے رہتے تھے، 1992 میں ایسی ہی ایک لڑائی کے بعد امیراں بی بی نے اپنے بھائی حیات اور افضل کے ساتھ مل شوہر کا گلا دبا کر اس کو قتل کردیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پہلے مقتول لال حسین کی لاش کو بوری میں ڈال کر زمین کے اندر دبایا اور بعد میں اس کو نکال کر نہر میں بہادیا،امیراں بی بی نے شوہر کے قتل کےبعد ملزم افضل کے بھائی سے شادی کرلی تھی۔
لال حسین کے بھائی نے درخواست میں کہا کہ امیراں بی بی کے بھائی اور قتل کے ملزم حیات نے میرے اور ایک دوسرے شخص کے سامنے قتل کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس ناحق خون کا اس کے ضمیر پر بوجھ ہے اور اسے رات کو اسی وجہ سے نیند بھی نہیں آتی۔
پولیس نے مدعی مقدمے کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم حیات کو گرفتار کرلیاہے اور دیگر ملزمان کی تلاش شروع کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔