امریکہ میں کورونا وائر س کی وبا کے دوران امدادی پروگرامز کیلئے قائم کیے گئے خصوصی ریلیف فنڈ میں سے 200 ارب ڈالر کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے "رائٹرز" کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے سمال بزنس ایڈمنسٹریشن نے خصوصی فنڈ کی تقسیم میں جلد بازی دکھائی جس کی وجہ سے 200 ارب ڈالر کی
ممکنہ طور پر چوری ہوئے۔
رائٹرز نے امریکہ کی سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے انسپکٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف امدادی پروگرامز میں جلد بازی کی وجہ سے تقریبا 17 فیصد فنڈز ممکنہ طور پر دھوکہ دہی کرنے والے عناصر کو ملے۔
سما ل بزنس ایڈمنسٹریشن نےانسپکٹر جنرل کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل نے اعدادوشمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے، ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر دھوکہ دہی سے 36 ارب ڈالرز چوری ہوئے، اس فراڈ کا 86 فیصد حصہ بھی سال 2020 میں ریکارڈ کیا گیا،تب تک ملک میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت تھی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران امریکہ کے سمال بزنس ایڈمنسٹریشن نے تقریبا 12 کھرب ڈالر اکنامک انجرجی ڈیزاسٹر لون اور پے چیک پروٹیکشن پروگرام کے تحت تقسیم کیے تھے۔