
پاکستان تحریک انصاف سے نکالے گئے رہنما فیصل واوڈا نے قاتلانہ حملے میں عمران خان کے بچ جانے پر کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے جس نے عمران خان صاحب کو نئی زندگی دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان صاحب کو نئی زندگی دی ہے انہوں نے اس پر اللہ کا شکر بھی ادا کیا اور کہا کہ سازشیوں کا منہ کالا ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ وہ ابھی تک اپنی بات پر کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے کے آخر پر فیصل واوڈا نے ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں حقیقی آزادی مارچ سے متعلق بہت سے انکشافات اور دعوے کیے تھے انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں بہت کی لاشیں گرتی دیکھ رہا ہوں۔
فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس حیران کن طور پر پی ٹی وی نے بھی دکھائی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ خونی مارچ بن جائے گا بہت سے جنازے اٹھیں گے۔