اللہ کا شکر ہے پاکستان میں آج کا دن بڑی تباہی کے بغیر گزر گیا: صدر مملکت

arif-alvi-khan-zaman.jpg


اللہ کا شکر ہے پاکستان میں آج کا دن بڑی تباہی کے بغیر گزر گیا: صدر مملکت

وقت کی ضرورت ہے کہ تمام سیاست دان یکجا ہوں اور میرے پیارے وطن کو مشکلات سے نکالیں: ڈاکٹر عارف علوی

توشہ خانہ کیس میں چیئرمین سابق وزیراعظم عمران کان آج جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے باہر ہی حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے ہیں اور فرد جرم عائد کرنے کی سماعت 30 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔ دوسری طرف پنجاب پولیس سرچ آپریشن کرتے ہوئے زمان پارک میں عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئی اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے حوالے سے اپنے پیغام میں لکھا کہ: اللہ کا شکر ہے پاکستان میں آج کا دن بڑی تباہی کے بغیر گزر گیا۔ الحمدللہ!کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا تھا۔ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام سیاست دان یکجا ہوں اور میرے پیارے وطن کو مشکلات سے نکالیں۔ انتخابات کا رخ اختیار کریں۔یہ ہمارا پاک وطن ہے اس کی خاطر امن اور سلامتی کو لبیک کہیں!


14 مارچ کو عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کیلئے پولیس کے زمان پارک میں پیش آنے والے واقعات پر انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا تھا کہ: آج کے واقعات سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے! غیرضروری انتقامی سیاست! ایسے ملک کی حکومت کی ناقص ترجیحات جس کو عوام کی معاشی بدحالی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ کیا ہم بڑے خطرناک سیاسی منظر نامے کی طرف جارہے ہیں؟ مجھے تمام سیاستدانوں کی طرح عمران خان کی حفاظت اور عزت کی بھی برابر فکر ہے!


دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے چائنا میڈیا گروپ کو خصوسی انٹرویو کو چینی ناظرین کی طرف سے انتہائی پسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹر عارف علوی کی باتوں کو سراہتے ہوئے اپنے تبصروں میں کہا کہ پاکستان کے صدر کی دوراندیشی قابل ستائش ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے چائنا اور پاکستان شانہ بشانہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو کر خوشحالی حاصل کریں گے۔ صدر پاکستان کا خصوصی انٹرویو اردو زبان میں کیا گیا جسے 66 زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے اور اسے دنیا بھر میں نشر کیا جائے گا!
 
Sponsored Link