
افغان کرنسی 2023 کی تیسری مضبوط ترین کرنسی قرار دیدی گئی,بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں افغان کرنسی 2023 کی تیسری سہ ماہی کی بہترین کرنسی قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغان کرنسی ” افغانی‘‘ 2023 کی اب تک کی تیسری مضبوط ترین کرنسی ہے۔
انسانی امداد سے حاصل اربوں ڈالر اور ایشیائی ممالک کے ساتھ بڑھتی تجارت نے اس سہ ماہی میں افغان کرنسی کو عالمی درجہ بندی میں سرفہرست کردیا,بلوم برگ رپورٹ کے مطابق غربت زدہ ملک کے لیے یہ ایک غیرمعمولی مرحلہ ہے۔
اگست 2021 میں کابل پر دوبارہ کنٹرول کے بعد طالبان نے کرنسی تجارت پر سخت اقدامات کیے تھے۔بلوم برگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانوں کو امریکی ڈالر اور پاکستانی روپیہ استعمال کرنے سے روک دیا۔
افغان کرنسی افغانی کو فروغ دینے کیلئے آن لائن ٹریڈنگ پر پابندی لگادی جس سے کرنسی مضبوط ہوئی ہے۔بلوم برگ کا مزید کہنا ہے کہ کولمبیا کی پیسو اور سری لنکن روپیہ افغان کرنسی سے بہتر ہے۔
رپورٹ کےک مطابق افغانستان کی کرنسی کا مضبوط ہونا بے وجہ نہیں ہے اور اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ- افغانستان میں اس وقت طالبان کی حکومت ہے اور طالبان کے نظام نے افغان کرنسی کو مضبوط کرنے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔
دوسری وجہ امریکہ کے ملک سے جانے کے بعد افغانستان کی سماجی و اقتصادی صورت حال ابتر ہو گئی تھی، لہذا افغانستان کو عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر مدد مل رہی ہے، جس سے بالآخر افغان کرنسی کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اس وقت افغانستان کی معیشت کو چلانے میں غیر ملکی امداد سب سے بڑا عنصر ثابت ہو رہی ہے۔ طالبان نے اگست 2021 میں افغانستان پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے، اقوام متحدہ نے افغانستان کو 5.8 بلین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔
4 بلین ڈالر صرف 2022 میں فراہم کیے گئے۔ دوسری جانب افغانستان کو قدرتی وسائل سے زرمبادلہ اکٹھا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ افغانستان کے پاس بیٹریوں میں استعمال ہونے والے لیتھیم سمیت بہت سے قدرتی وسائل کے بہت بڑے ذخائر ہیں۔