سابق وزیراعظم عمران خان کےدور میں پرنسپل سیکرٹری کے عہدے پر فائض رہنے والے اعظم خان کی گمشدگی سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اعظم خان کے اہلخانہ نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں اعظم خان کی گمشدگی کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے ان کی تلاش شروع کردی تھی، تاہم دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ اعظم خان اپنی مرضی سے کہیں غائب ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق اعظم خان کے اغوا سے متعلق تفتیش کے دوران کوئی بھی ثبوت کا شہادت سامنے نہیں آئی ہے، اعظم خان خود اپنی گاڑی ڈرائیو کرکے گھر سے کہیں گئے ،اعظم خان کے موبائل فون کے ریکارڈ کی چھان بین کے دوران بھی اغوا کی کوئی شہادت سامنے نہیں آئی۔
تفتیش کیلئے اسلام آباد پولیس نے دیگر اضلاع کی پولیس سے رابطہ کرلیا ہے تاکہ اعظم خان کی مبینہ گمشدگی سے متعلق کوئی سراغ لگایا جاسکے۔