اسٹیبلشمنٹ نے پی ڈی ایم کی 13 لاشوں کو کندھوں پر اٹھا لیا: سراج الحق

sirajahsa.jpg

ہماری سٹیبلشمنٹ نے ماضی سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا نہ ہی حکمرانوں نے ماضی سے کچھ سیکھا : امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ مادر وطن کے لیے ہمارے لاکھوں شہداء نے اپنی جان کی قربانیاں دیں اس لیے آج پورے ملک میں شہداء سے محبت کا دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے نالائق سیاستدانوں نے ہمارے ملک کی ایسی حالت کر دی ہے کہ یہاں رہنے پر کوئی تیار نہیں ہے، ہمارے ملک کے ہونہار طالب علم بھی اس ملک کو چھوڑتے جا رہے ہیں۔ میرا صرف ایک ہی سوال ہے کہ یہ سیاسی لاشیں کب تک اٹھائی جائیں گی۔

پشاور میں جماعت اسلامی کے انتخابی کنونشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سال 2023ء میں پاکستان کا شمار ایشیا کے غریب ترین ممالک میں کیا جا رہا ہے، ملک کے 11 کروڑ شہری اپنی زندگیاں غربت کی لائن سے نیچے گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف ہمارے حکمرانوں کی دولت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ ملک کے اداروں کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں تو توشہ خانہ کو بھی نہیں بخشا گیا، وہاں بھی لوٹ مار کی گئی ہے۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تو ہمارے لوگوں نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کے پاس پلٹ پروف گاڑی کیوں نہیں ہے۔ ماضی میں ملک کو بچانے کی خاطر عمران خان کو مسلط کر دیا گیاآج ملک کو بچانے کی خاطر پی ڈی ایم کو مسلط کر دیا گیا ہے۔ اختیار عوام کو دیا جائے کیونکہ وہی اس کے اصل وارث ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہماری سٹیبلشمنٹ نے ماضی سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا نہ ہی حکمرانوں نے ماضی سے کچھ سیکھا اسی لیے ملک اداروں کے ٹکرائو ومعیشت کی ناکامی سے دوچار ہو چکا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور ایک سیاسی جماعت میں لڑائی صرف اقتدار کیلئے کی جا رہی ہے۔ میرا مشورہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر مذاکرات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹیبلشمنٹ نے پی ڈی ایم کی صورت میں 13 لاشوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا ہے اور مصنوعی آکسیجن لگا دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کے کسی قائد کا نام پانامہ وتوشہ خانہ میں نہیں ہے، پاکستان کی کرپشن فری سیاسی جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔ پی ڈی ایم، پی پی پی اور پی ٹی آئی میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں، آئی ایم ایف سے نجات صرف جماعت اسلامی دلا سکتی ہے۔