اسٹاک مارکیٹ میں عید کی چھٹیوں کے بعد پہلے روز بڑی تیزی کےبعد آج مندی رہی ، تاہم تعطیلات کے بعد کھلنے والی اوپن مارکیٹ میں روپے نے ڈالر کے مقابلے میں بڑی چھلانگ لگادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد کل ہونے والے کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 2ہزار 446 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا۔
تاہم یہ تیزی ایک دن پر ہی محیط رہی اور آج کاروباری ہفتے کے دوسرے ہی روز اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہوگئی، کاروبار کا آغاز مثبت رہا اور صبح کے وقت میں ہنڈرڈ انڈیکس میں تیزی بھی ریکارڈ کی گئی تاہم دس بجے کے بعد مارکیٹ پر مندی کے بادل چھا گئے جو کاروبار کے اختتام تک نا چھٹ سکے۔
کاروبار ختم ہوا تو ہنڈرڈ انڈیکس341اعشاریہ99 پوائنٹس کی کمی کے بعد 43ہزار557اعشاریہ 1 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
دوسری جانب عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد آج پہلے دن کھلنے والی انٹر بینک مارکیٹ میں روپے نے ڈالر کے مقابلے میں بڑی چھلانگ لگادی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق عید کی تعطیلات سے قبل 285 روپے 99 پیسے پر بند ہونے والے امریکی ڈالر میں آج کاروبار کے آغاز میں ہی 15 روپے کی کمی سے271 روپے کی سطح پر آگیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام تک ڈالر نے تھوڑی تیزی دکھائی اور 285روپے 99 پیسے میں 10روپے 55 پیسے کمی کے بعد 275 روپے44 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔
اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی ڈالر کی قدر میں 5 روپے کی کمی دیکھی گئی اور ڈالر280 روپے کی سطح پر فروخت ہوا۔