اسلام آباد ہائیکورٹ کےسخت ریمارکس:میرشکیل،انصارعباسی راناشمیم کو نوٹس جاری

ntes.jpg


ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے بیان حلفی سے متعلق کیس میں رانا شمیم سمیت دیگر فریقین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا محمد شمیم کے بیان حلفی پر خبر شائع کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف، دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غوری، دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی اور اٹارنی جنرل خالد جاوید سمیت دیگر عدالت پیش ہوئے۔


عدالتی نوٹس کے باوجود سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم ان کا بیٹا عدالت میں پیش ہوا۔ رانا شمیم کے بیٹے نے عدالت کو بتایا کہ والد صاحب رات اسلام آباد پہنچے ہیں اور ان کی طبیعت ٹھیک نہیں۔
‏رانا شمیم کے بیٹے نے عدالتی عملے سے کمرہ عدالت میں ویڈیو چلانے کی اجازت مانگی جسے مسترد کر دیا گیا۔

عدالت نے سماعت شروع کرتے ہی ایڈیٹر انچیف کو روسٹرم پر بلایا، اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے ایڈیٹر انچیف سے مکالمہ کیا کہ بہت بھاری دل کے ساتھ آپ کو سمن جاری کیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ سوشل میڈیا اور نیوز پیپرز میں فرق ہوتا ہے، اخبار کی ایڈیٹوریل پالیسی اور ایڈیٹوریل کنٹرول ہوتا ہے، اس ہائیکورٹ کے جج سے متعلق بات کی گئی جو بلاخوف وخطر کام کرتی ہے۔ اگر میں اپنے ججز کے بارے میں پُراعتماد نا ہوتا تو یہ پروسیڈنگ شروع نا کرتا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ اس عدالت کے ججز جوابدہ ہیں اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگرعوام کا عدلیہ پر اعتماد نا ہوتو پھرمعاشرے میں انتشار ہوگا۔ اگر ایک سابق چیف جج نے کوئی بیان حلفی دیا تو آپ وہ فرنٹ پیج پرچھاپیں گے؟

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا جیسا آپ سوچ رہے ہیں، مسلسل یہ بات کی جارہی ہے کہ کہا گیا الیکشن سے پہلے نواز شریف اور مریم کو نہ چھوڑا جائے، کم از کم آپ ہمارے رجسٹرار سے پوچھ لیتے۔ بظاہر یہ تاثر ہے کہ رانا شمیم سے منسوب بیان حلفی جھوٹ پر مبنی ہے یا جعلی ہے لیکن یہ سارا معاملہ میری عدالت سے متعلق ہے، اس لیے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کررہے ہیں۔

عدالت نے رانا شمیم سمیت تمام فریقین سے 7 روز میں جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 10 روز تک ملتوی کی ہے۔ عدالت نے کہا تمام لوگ 26 نومبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔

روسٹرم پر موجود صحافی انصار عباسی نے کہا کہ آپ میرے خلاف کارروائی کریں، میں نے یہ اسٹوری کی ہے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھائی ہیں، رانا شمیم سے تصدیق کرکے اسٹوری کی گئی، میری اسٹوری میں جج صاحب یا عدالت کا نام نہیں تھا، میرا کام یہ تصدیق کرنا تھا کہ حلف نامہ اصل ہے یا نہیں، میں نے جج صاحب سے اس کی تصدیق کی وہ اپنے اس بیان پر قائم ہیں۔
 
Last edited: