اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائے 2024ء میں عہدیداروں وممبران کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کے لیے خفیہ وائس ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائے 2024ء میں انتظامیہ کی طرف سے عہدیداروں اور ممبران کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے سینئر نائب صدر ونائب صدر اسلام آباد چیمبر کے کمروں میں خفیہ وائس ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے اراکین نے انتظامیہ کی طرف سے سینئر نائب صدر ونائب صدر کے کمروں میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کیے جانے کے معاملے پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ اسلام آباد چیمبر کے انتخابات میں فائونڈر گروپ مخالف اتحادی گروپ کے سید ندیم منصور، آغا شیراز، تابش محبوب اور فیصل سہگلودیگر نے کہا الیکشن کمیشن جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام گروپوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع نہیں دیئے جا رہے اور ہماری انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ آئی سی سی آئی میں سرگرمیوں کو روکنے کے لیے رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ ہمارے امیدواروں کو پہلے انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی جس پر ڈی جی ٹی او سے رجوع کرنے پر اپنا حق حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ فائونڈرز گروپ کی طرف سے اپنے مخالفین کو دبائو میں لانے کے لیے لالچ دینے کے علاوہ مختلف حربے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ فائونڈرز گروپ اپنے مخالف گروپ سے اتنا خوفزدہ ہو چکا ہے کہ اسے اپنے ہی عہدیداروں پر اعتبار نہیں رہا اسی لیے سینئر نائب صدر ونائب صدر کے کمروں میں خفیہ وائس ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔
اتحادی گروپ کے اراکین کا کہنا تھا کہ فائونڈر گروپ نے اپنے ہی عہدیداروں سے ملاقات کے لیے آنے والے اراکین کی مانیٹرنگ کرنے کے لیے خفیہ ڈیوائسز نصب کر دیں جس سے ان کا خوف ظاہر ہو رہا ہے۔ خفیہ ڈیوائسز نصب کرنے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں لائے ہیں مگر مسلسل جانبداری کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور معاملے پر اب تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔