وزارت داخلہ کو پنجاب حکومت کی طرف سے بھی فوجی دستوں کو واپس بھیجنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا ہے: ذرائع
ذرائع کے مطابق 9 مئی (یوم سیاہ) کے پرتشدد واقعات کے بعد ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال پر قابو پانے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے چیف کمشنر آفس کی طرف سے وزارت داخلہ کو وفاقی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی ختم کرنے کیلئے مراسلہ بھیجا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کے مفاد میں 10 مئی کو جاری کیا گیا فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔
مراسلے کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 9 مئی (یوم سیاہ) کے پرتشدد واقعات کے بعد امن وامان بحال کرنے کیلئے فوج تعینات کی گئی تھی لیکن اب صورتحال اطمینان بخش ہے۔
دوسری طرف وزارت داخلہ کو پنجاب حکومت کی طرف سے بھی فوجی دستوں کو واپس بھیجنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا ہے۔ مراسلے میں وزارت داخلہ سے کہا گیا ہے کہ حالات قابو میں ہیں اب فوجی دستے فوری واپس بلا لیے جائیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 مئی (یوم سیاہ) پر پرتشدد واقعات کے بعد وزارت داخلہ کو خط لکھ کر فوج کو طلب کیا گیا تھا۔ 10 مئی کو وفاقی وزارت داخلہ نے امن وامان کی بحالی کیلئے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور صوبہ پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔ 15 مئی کو صوبہ بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی تھی۔
صوبہ خیبرپختونخوا سے فوج کی واپسی کے لیے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ علاوہ ازیں سانحہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر تھانہ ریس کورس لاہور میں ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مطابق 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے دوران مشتعل ہجوم نے زمان پارک چوک میں 2 کروڑ سے زائد قیمت کی سکیورٹی انسٹالیشنز اور لاکھوں روپے مالیت کے ٹریفک سگنلز توڑ دیئے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9armynitwapapps.jpg