ملک میں جنسی ہراسگی کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا، وفاقی دارالحکومت میں واقع اسلام آباد کلب میں اہم شخصیت کی بیٹی کو ہراساں کرنے کا واقعہ سامنا آیا ہے جس پر کلب انتظامیہ نے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کا کلب میں داخلہ پر پابندی لگا دی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کلب میں ملک کی اہم شخصیت کی بیٹی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا جس پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کلب انتظامیہ نے ان کے کلب میں داخلہ پر پابندی لگا دی
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے،اہم شخصیت کی بیٹی کو ہراساں کرنے والا واصف کریم نامی نامزد ملزم سینئر بیوروکریٹ کا بھتیجا بتایا جا رہا ہے جس کا نام ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے۔ مذکورہ واقعہ اسلام آباد کلب میں 3 اگست کی رات کو پیش آیا جہاں نامزد ملزم کلب ممبر راجہ مسعود کے مہمان کے طور پر وہاں آیا تھا اور مبینہ طور پر لڑکی کو ہراساں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم واصف کریم نجی موبائل کمپنی میں ملازمت کرتا ہے اور سینئر بیوروکریٹ کا بھتیجا ہے، اسلام آباد کلب میں لڑکی اپنے والدین کے ساتھ ڈنر کے لیے گئی تھی جہاں پر ملزم نے لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے واقعے کے خلاف مقدمہ درج کر کے مبینہ جنسی حراسگی کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسلام آباد کلب کی انتظامیہ نے کلب ممبر راجہ مسعود کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کی ممبرشپ معطل کر دی اور واصف کریم کے آئندہ کلب داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کلب انتظامیہ کی طرف سے دونوں افراد کے حوالے سے آفس آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کے خلاف سیکرٹریٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مبینہ جنسی ہراسگی کے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے بڑے سرکاری ہسپتال میں خاتون کے ساتھ جنسی ہراسگی کا واقعہ سامنے آیا تھا جس میں عباسی شہید ہسپتال کے انچارج او پی ڈی عارف زیدی ملوث پائے گئے تھے۔ عارف زیدی خاتون کو اپنے دوست کے ساتھ دوستی کرنے پر مجبور کرتا رہا جس کا بچہ سپیشل چائلڈ ہے اور ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔