مسلم لیگ ن کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم کو وارننگ پر جواب دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بلاول بھٹوزرداری کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا گیا تھا۔
نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اتحادی حکومت کے فائدے اور نقصان دونوں ہوتے ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں یہ کوشش کی جارہی ہے کہ تمام فیصلوں میں اتفاق رائے پیدا کی جائے، بجٹ کی تیاری میں بھی تمام اتحادیوں سے مشاورت کی گئی، وزیراعظم ہمیشہ ہر فیصلے میں اتحادی جماعتوں کو شامل کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز اپنے ہی وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دہرے معیار کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیراعظم بجٹ سے متعلق کہا کچھ اور تھا اور کیا کچھ اور ہے، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے حساب لیں جنہوں نے وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ کھڑی کی۔
انہوں نے وزیراعظم سے شکوہ کرتے ہوئے وارننگ بھی دی اور کہا کہ اگر سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پیسے نا ملے تو بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔