احد چیمہ کی زمینوں کی حفاظت کیلئے پنجاب حکومت نے کروڑوں روپے خرچ کر ڈالے

4ahdchehkjskjjjzamjksjdjhd.png

نگراں حکومت کے دور میں احد چیمہ کی خاندانی زمینوں کی حفاظت کیلئے منظور کردہ گرانٹ کو 48 کروڑ روپے سے 84 کروڑ روپے تک لے جانے کا انکشاف ہوا ہے، کوئی محکمہ یا سرکاری افسر ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔

خبررساں ادارے فیکٹ فوکس کی رپورٹ کے مطابق موجودہ پنجاب حکومت اور سابقہ نگراں حکومت نے ن لیگ کے اہم رہنما احد چیمہ کی خاندانی زمینوں کی حفاظت پر کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں، ابتدائی طور پر نگراں حکومت نے اس معاملے میں 480 ملین روپے خرچ کیےجس کے بعد اضافی فنڈز بھی جاری ہوئے اور یہ لاگت 84 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، اس حکومتی منصوبے سے وفاقی وزیر احد چیمہ اور ان کے خاندانی زمین کے مالکان کو فائدہ پہنچا۔


رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ 2022 میں اس وقت شروع ہوا جب وفاق میں نگراں حکومت کے دور میں احد چیمہ کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کیا گیا، اس وقت حافظ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کوٹ کمیر، بہک احمد یار اور محمود پورہ کے علاقے میں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور ان کے خاندان کی ملکیتی اراضی کی تحفظ کا ایک منصوبہ متعارف کروایا اور اس منصوبے کے تحت کئی مقامات پر بندھ کی تعمیر کی تجویز پیش کی۔

اس تجویز کے سامنے آنے کے بعد تمام متعلقہ محکموں نےفوری طور پر اس منصوبے کی منظوری دی اور اس وقت کے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے 16نومبر 2023 کو 48 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔

نگراں حکومت کے خاتمے کےبعد بجائے اس منصوبے کے آڈٹ کے مسلم لیگ ن کی نئی آنے والی حکومت نے اس منصوبے کو آگے بڑھایا اور اس منصوبے کی گرانٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی، نگراں حکومت کے دور میں منصوبے کی منظوری میں میرٹ کو سامنے نا رکھنے اور منصوبے سے ن لیگ سے وابستہ شخصیات کو فائدہ پہنچنے جیسی وجوہات کےباوجودہ اس منصوبے کو سرکاری سطح پر جاری رکھا گیا۔

8 جولائی 2024 کو مریم نواز کی حکومت نے اس منصوبے میں مزید 360 ملین یعنی 36 کروڑ روپے کی منظوری دی جس سے اس منصوبے پر مجموعی لاگت 84کروڑ تک پہنچ گئی۔
اس انکشاف کے سامنے آنے کے بعد متعدد خبررساں اداروں کی جانب سے جب پنجاب حکومت سے اس حوالے سےحقائق جاننے کی کوشش کی تو کسی محکمے نے اس منصوبے کی منظوری کی ذمہ داری نہیں لی بلکہ ہر افسر اور محکمے نے اس منصوبے کو دوسرے افسر یا محکمے کی ذمہ داری قرار دیا۔


7th.jpeg
 
Last edited: