بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے سول نافرمانی کی تحریک چلانےوالے طلبہ کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وطن ان دہشتگردوں کو کچل دیں۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں طلباء کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اور بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کے استعفیٰ کے ساتھ ساتھ اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی سمیت دیگر مطالبات پیش کیے تھے،سول نافرمانی کی تحریک کے پہلے ہی روز بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 50 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
حکومت نے صورتحال دیکھتے ہوئے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے اور آج شام سے ایک بار پھر کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے اس صورتحال پر ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کو کچل دیں، سڑکوں پر احتجاج کرنے والے طالب علم نہیں بلکہ دہشتگرد ہیں جو ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے باہر نکلے ہیں۔
ملکی خراب حالات پر بنگلادیشی آرمی چیف نے کہا افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیشی فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور عوام کے مفاد اور ریاست کی کسی بھی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ایسا کرتی رہے گی۔ انہوں نے فوج کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال اور اہم سرکاری تنصیبات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے 1971 کی جنگ میں لڑنے والے فوجیوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دینے کے فیصلے کے خلاف طلبہ کئی ماہ سے مظاہرے کررہے ہیں، ان مظاہروں کےدوران اب تک 200 افراد ہلاک ہوچکے ہیں،سپریم کورٹ نے حکومت کیجانب سے نافذ کردہ کوٹہ سسٹم کو ختم کردیا ہے مگر طلبہ اپنے ساتھیوں کی رہائی اور دیگر مطالبات منوانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور مطالبات پورے نا ہونے پر طلبہ نے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کردینے کا اعلان بھی کردیا ہے۔