آگ میں سزا دینا حرام ہے
تمام حیوانات حتیٰ کہ چیونٹی وغیرہ کو بھی آگ میں سزا دینا حرام ہے ۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ہمیں ایک لشکر میں بھیجا تو فرمایا: اگر تم فلاں فلاں شخص کو پاؤ آپ نے قریش کے دو آدمیوں کا نام لیا۔ تو انہیں آگ میں جلا دو۔ پھر جب ہم نے روانہ ہونے کا ارادہ کیا تو رسول اللہﷺ نے فرمایا: میں نے تمہیں حکم دیا تھا کہ فلاں فلاں شخص کو جلا دینا لیکن (اب نہ جلانا ،اس لیے کہ)اگ کا عذاب تو صرف اللہ ہی دے گا ، پس اگر تم ان دونوں کو پاؤ تو انہیں قتل کر دینا۔ (بخاری) توثیق الحدیث : اخرجہ البخاری (/۱۴۹۶۔ فتح) ۔
حضرت ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم ایک سفر میں رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے ،پس آپ۔ رفع حاجت کے لیے تشریف لے گئے ہم نے (چڑ یا کی طرح کا) ایک چھوٹا سا سرخ پرندہ دیکھا،اس کے ساتھ اس کے دو بچے بھی تھے ، ہم نے اس کے بچوں کو پکڑ لیا تو وہ پرندہ پر پھیلائے ان پر چکر لگانے لگا۔ اتنے میں نبیﷺ بھی تشریف لے آئے تو آپ نے پوچھا : اس پرندے کو اس کے بچوں کی وجہ سے کس نے بے چینی سے دوچار کیا ہے ؟ اس کے بچے اسے لوٹا دو۔ اور آپ نے چیونٹیوں کی ایک بستی (گھر ،بل)دیکھی جسے ہم نے جلاد یا تھا ، آپ نے پوچھا : اسے کس نے جلایا ہے ؟ ہم نے عرض کیا : ہم نے۔ آپ نے فرمایا: آگ کا عذاب تو صرف آگ کا رب (مالک) ہی دے سکتا ہے۔ (ابو داؤد۔ اس کی سند صحیح ہے) توثیق الحدیث : صحیح۔ اخرجہ البخاری فی ( (الأدب المفرد)) (۳۸۲)وابو داؤد (۲۶۷۵)۔
رَبَّنَا إِنَّنَا آَمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ
ترجمہ اے ہمارے رب ہم ایمان لا چکے اس لئے ہمارے گناہ معاف فرما اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔(آل عمران3/16)