
علی امین کی عمران خان کی گرفتاری پر جنگ کی دھمکی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی گرفتاری کے خدشے پر دھمکی دے دی، ٹویٹ میں لکھا اگر آپ عمران خان کو گرفتار کر لیتے ہیں تو جنگ کے لیے تیار ہو جائیں۔
علی امین نے مزید کہا عمران خان کی گرفتاری آپ کے انجام کا آغاز ہو گا، یہ ملک آپ کا یا آپ کے آباء و اجداد کی جاگیر نہیں، نہ ہم غلام ہیں نہ بزدل کہ آپ کے پاکستان میں قانون کی حکمرانی قبول نہیں کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی کارکنان نے زمان پارک میں پڑاؤ ڈالا ہوا ہے۔
چند روز قبل عمران خان کی گرفتاری کی افواہ پر زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہو گئی تھی اور اسی دوران پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا اگر ہمت ہے تو عمران خان کو گرفتار کریں۔