
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کرنے سے متعلق الزام لگانے سے ملک میں خون خرابے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاسی تاریخ میں اختلافات ہوتے رہتے تھے اور آئندہ بھی ہوں گے مگر عمران خان کے اس نئے پینترے نے سیاست کا رخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے، ہماری سیاسی تاریخ میں ایسے واقعات پہلے کبھی نہیں ہوئے اور ہم امید کرتےہیں کہ آئندہ بھی ایسے واقعات رونما نا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ سیاسی بات کریں گے تو کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا، تاہم اداروں کو دھمکیاں دینے پر قانون تو حرکت میں ضرور آئے گا، ان کے اپنے دور میں تو فرمائشی پروگرام چلا کرتے تھے کہ فلاں کو پکڑکر لے آؤ، اس ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں جو اپنی حکومت کے خاتمے کا الزام امریکہ سے شروع کرکے اب محسن نقوی پر لگارہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مجبوری میں مشکل فیصلے کرنے پڑرہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں معاشی حالات بہتری کی طرف جائیں گے، چین ، گلف اور مڈل ایسٹ کے ممالک سے ہمارے تعلقات بہتر ہورہے ہیں ، یو اے ای کے صد رکل وزیراعظم سے ملاقات کیلئے اسلام آباد آرہے ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافےکے اعلان پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پیٹرول مہنگا ہونے کی افواہ پھیلی تو لوگوں نے پیٹرول پمپوں پر ذخیرہ اندوزی شروع کردی، جن پمپس پر یہ وارداتیں ہوئیں ان کے خلاف ایکشن لیا جانا چاہیے۔