ڈالر مہنگا ہونے سے قرضوں میں کتنا اضافہ ہوا؟تشویشناک اعدادوشمار

3shaukattarin%20adddadoshuma.jpg

تحریکِ انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار نے قوم سے جھوٹ بولا، جب مفتاح کو نکالا گیا تو وہ مظلوم بن گئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ اسحاق ڈار نے 2 روز میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے کا قرضہ بڑھایا ہے، آئی ایم ایف 3.2 ٹریلن ٹیکسز کی بات کر رہا ہے۔


ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے پلے جو کچھ پڑے گا، یہ اس کے ریٹ بڑھائیں گے، اگر انہوں نے آئی ایم ایف کو سائن نہیں کیا تو پھر دیگر ممالک سے بھی پیسے نہیں ملیں گے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھیں گی، آئی ایم ایف سے جو ڈیل ہو گی اس سے عوام پر بہت بڑا بوجھ پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ گردشی قرضہ 123 ارب روپے ہر ماہ بڑھ رہا ہے، گردشی قرضے بڑھنے کی وجہ سے حکومت بجلی کے ریٹ بڑھا دے گی۔ ڈالر ایک کاروباری دن میں 34 روپے مہنگا ہوا، اب اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان بد تمیزی ہو گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاروبار بند ہو رہے ہیں، ہمارا تخمینہ ہے کہ معاشی گروتھ منفی ہو گی۔ اب کھانے پینے کی چیزیں اور بجلی کے نرخ بڑھیں گے اور آنے والے دنوں میں بیروزگاری میں مزید اضافہ ہو گا۔ ہمارے دور میں 17 سالوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی ہوئی اور 21 فیصد ٹیکس بڑھنے سے ریوینیو میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی 4 فیصد پر تھی۔ 40 مہینے میں ہم نے پرفارم کر کے دکھایا۔ اس گڑھے سے نکلنے کی بھی پلاننگ کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ہوشربا مہنگائی ہوگئی ہے اور یہ کہتے تھے کہ ڈالر 200 روپے سے نیچے آئے گا۔ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح بلند ترین ہوئی ہے اور اب یہ پاکستان کی اکانومی کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ رہ گیا ہے۔