علی ظفر نے نعت "فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر" نئے انداز سے پیش کر دی

ali-zafar-khan-faslon-ko-taklaf.jpg


مقدس مقامات پر قدم رکھ کر دنیا کے بوجھ کو اپنے کندھوں سے اترنے ہوئے محسوس کرنا ناقابل بیان ہے: معروف گلوکار

ماہ رمضان المبارک کے آغاز پر گلوکار علی ظفر نے معروف محقق، ادیب ، شاعرپروفیسر اقبال عظیم کی تحریر کردہ مشہور نعت رسول کریمؐ "فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر" کو اپنی آواز میں پیش کر دیا۔

علی ظفر نے نعت رسول کریمؐ کی ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی اور اس نعت کو اپنے دل کے قریب قرار دے دیا۔ گزشتہ برس رمضان المبارک میں بھی علی ظفر نے نعت "بلغ العلیٰ بکمالہ" پڑھی تھی جسے سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا گیا تھا۔


گلوکار علی ظفر نے نعت رسول کریمؐ شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ: رمضان المبارک روزہ رکھنے اور ہمارے دماغ، جسم اور روح کو صاف کرنے کا مقدس مہینہ ہے جس میں ہمیں اپنے خالق کے ساتھ تعلقات بہتر سے بہترین کرنے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ: انتہائی عاجزی کے ساتھ میں آپ کے سامنے نعت رسول کریمؐ "فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر" پیش کر رہا ہوں! یہ صرف ایک نعت نہیں ہے بلکہ اس سے بہت سی پرانی یادیں جڑی ہیں بلکہ یہ نعت مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ کے سفر کا روحانی حسن بھی بیان کرتی ہے۔


یہ نعت میرے دل کے قریب ہے کیونکہ میں اس حوالے سے کافی خوش قسمت ہوں کہ میں ان مقدس مقامات پر اپنے احساسات کی تبدیلی کی طاقت کا خود تجربہ کر چکا ہوں جسے صرف محسوس کیا جا سکتا ہے، کوئی بھی لفظ ان احساسات کا بیان نہیں کر سکتا۔

مقدس مقامات پر قدم رکھ کر دنیا کے بوجھ کو اپنے کندھوں سے اترنے ہوئے محسوس کرنا ناقابل بیان ہے۔
انہوں نے لکھاکہ: حجاج کرام کیلئے یہ ایک یاددہانی ہے کہ ہم سب ایک عظیم سفر پر ہیں جو اپنے آپ سے کہیں آگے کی تلاش ہے! مجھے امید ہے کہ یہ نعت رسول کریمؐ آپ کو وہی تعظیم اور احترام کا احساس دلائے گی جو مجھے سن کر ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔