مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نارووال سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےنارووال اسپورٹس اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کو نارووال سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان یہاں سے خود الیکشن لڑیں، یہاں سے ملنے والی عبرت ناک شکست کے بعد وہ سیاست بھول جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے 90 روز میں الیکشن ہوں یااکتوبر 2023 میں ہم اس کیلئے بالکل تیار ہیں، کونسل آف کامن انٹرسٹ میں عمران خان نے خو د فیصلہ کیا تھا کہ اگلے الیکشن کیلئے نئی مردم شماری کروائی جائیں گی، نئی مردم شماری کے بعد 30 اپریل 2023 تک نتائج آئیں گے،مالی وآئینی طور پر اکتوبر 2023 الیکشن کیلئے فطری مہینہ بنتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کراچی کی طرح پنجاب میں بھی بڑا سرپرائز ملے گا، پنجاب کے عوام پی ٹی آئی کو عبرت ناک شکست دیں گے، نواز شریف کے ساتھ عدالتی ناانصافی ہوئی جو جلد عدالتی انصاف میں بدل جائے گی،مریم نواز جلد پاکستان آکر پارٹی کی تنظیم نو کیلئے اپنا کردا ر ادا کریں گی۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نارووال اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم کو اس طرح بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا کہ یہ اسٹیڈیم آج بھوت بنگلہ بن چکا ہے۔