آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کا مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر اجلاس ہندوستان کی سفارتی محاذ پر شکست ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے سلامتی کونسل کے اجلاس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل نے پچاس سال بعد اپنے ادھورے ایجنڈے پر اجلاس بلایا، ہندوستانی وزیر دفاع کا بیان سفارتی ناکامی کا ردعمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس رکوانے کے لئے بھارتی سازشیں ناکام ہوئیں، اب وقت آگیا ہے کہ سلامتی کونسل کے مستقل اراکین خطے کو جنگ کے خطرات سے نکالیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری کی تشویش بجا ہے، مودی کی چالیں الٹی پڑ گئیں، پاکستان نے کامیاب سفارتکاری کی۔