’خالہ سو جاؤ‘ ،پیسے نہ دینے پر ڈاکوؤں کا خاتون پر تشدد

khala-s11.jpg


کراچی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات پیش آئی ہے جس میں شہری کو تقریبا ایک لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، ڈاکوؤں نے واردات کے بعد بیکری سے متصل گھر میں خاتون کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں "خالہ سوجاؤ" کہہ کر فرار ہوگئے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کی واردات کراچی کے علاقے ناظم آباد میں عباسی شہید اسپتال کے قریب واقع ایک بیکری میں صبح 11 بجے کے قریب پیش آئی۔

رپورٹ کے مطابق صبح کے وقت ڈاکو بند بیکری میں داخل ہوئے، بیکری کے مالک کا گھر بھی پہلی منزل پر ہی تھا، ڈاکوؤں نے تسلی سے بیکری میں لوٹ مار کی اور تقریبا 50 ہزار روپے نقد اور کالنگ کارڈ اڑانے کے بعد بیکری میں موجود گھر کے دروازے سے اند ر داخل ہوگئے۔

بیکری کے ساتھ گراؤنڈ فلور پر موجود گھر کے کمرے میں ایک خاتون سو رہی تھیں، ایک ڈاکو نے خاتون کو جگا کر تھپڑ مار کر پیسوں کا تقاضہ کرنا شروع کردیا، کمرے میں موجود لائیٹس بھی بند تھیں جس کے وجہ سے خاتون فوری طور پر صورتحال کو سمجھ نہ سکیں۔

ڈاکو نے خاتون پر اسلحہ تان کر پیسوں کا مطالبہ کیا مگر خاتون مسلسل انکار کرتی رہی اور کہتی رہی کہ میرے پاس کوئی پیسے نہیں ہیں، متعدد بار اصرار کرنے پر ڈاکو کو جب پیسے ملنے کی امید ختم ہوگئی تو وہ خاتون سے بولا" خالہ سوجاؤ" اور موقع واردات سے فرار ہوگیا۔

بیکری کے مالک اور خاتون کے شوہر نے کراچی کے تھانہ ناظم آباد میں واقعے کے خلاف درخواست دیدی ہے جس کے مطابق ملزمان بیکری سے تقریبا 1لاکھ روپے کا سامان لوٹ کر فرار ہوئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزما ن کی تلاش شروع کردی ہے۔