گوجرانوالہ: نوسال قبل جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو لڑکی کے بھائیوں نے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق 9 سال قبل زیادتی کرنے والے ملزم کو لڑکی کے بھائیوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے، واقعہ تھانہ فیروزوالہ کے علاقہ گگڑکے میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل بیرون ملک سے واپس آیا تھا، ملزمان عظیم اور حنزلہ نے اسے مسجد میں فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے، جن کی تلاش کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
عرفان عرف توصیف نامی ملزم نے 9 سال قبل ملزمان کی بہن سے زیادتی کی تھی اور دونوں خاندانوں میں طے پایا تھا کہ عرفان دوبارہ گاؤں نہیں آئے گا، جس کے بعد ملزم بیرون ملک چلا گیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری گگڑکے کی مسجد میں پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے لیا اور مقتول کے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔