کیا سرپر منڈلاتے اومیکرون کے خطرے میں آسٹریلوی ٹیم دورہ پاکستان کرپائے گی؟

pak-zuss.jpg


غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نک ہوکلے نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی تشخیص کے باوجود ہماری ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

نک ہوکلے نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی تشخیص اور اس حوالے سے تحفظات کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم آئندہ سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ہماری کرکٹ آسٹریلیا کی ٹیم حال ہی میں پاکستان گئی تھی اور ہم پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر حکام کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

کینگروز کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے صورتحال کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم دورہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اگر پاکستان کا دورہ کرنا محفوظ ہے تو ہم پاکستان کا دورہ ضرور کریں گے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے آخری بار 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سیکیورٹی وجوہات کے سبب پاکستان میں کوئی سیریز نہیں کھیلی جبکہ اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں متعدد بار کرکٹ سیریز منعقد ہوئی ہیں۔

قبل ازیں سڈنی مارننگ ہیرالڈ میں غیر ملکی صحافی گریگ چیپل نے اپنے کالم میں لکھا تھا کہ آسٹریلیا دو دہائیوں بعد آئندہ سال شیڈول دورہ پاکستان سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پاکستان ایک بہترین اور مضبوط آسٹریلین ٹیم کی میزبانی کا مستحق ہے۔

کالم میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا تین رکنی وفد حال ہی میں 12 روزہ دورہ پاکستان سے واپس لوٹا ہے اور وہ مارچ میں سیریز کے لیے کیے گئے انتظامات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاریوں سے کافی متاثر ہوا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اور اپریل میں کھیلی جائے گی۔