کورونا وائرس: پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز خطرے میں پڑگئی

we-1133.jpg


ویسٹ انڈیز کرکٹ اسکواڈ میں شامل 3 کھلاڑیوں سمیت مزید 5 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے سیریز خطرے میں پڑگئی ہے۔

دونوں بورڈز کے درمیان ٹور جاری رکھنے کے حوالے سے آج اہم میٹنگ بھی ہوگی۔اگلے چند گھنٹے اہم ہیں، سیریز کے بقیہ میچز کا فیصلہ دوپہر میں کوویڈ ٹیسٹ کے نتائج پر ہوگا۔

اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹ وِک اور ٹیم فزیشن ڈاکٹر اکشائی مان سنگھ کا بھی کورونا مثبت نکل آنا تشویش کا باعث بن گیا۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق 3 کھلاڑی اور2 سپورٹ ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور کل 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔


ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اس وقت 14 کھلاڑی سلیکشن کے لئے دستیاب ہیں، تاہم مزید کھلاڑیوں کے کورونا مثبت آنے کی صورت میں دورہ منسوخ ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق کورونا کا شکار ویسٹ انڈین کھلاڑیوں میں اومی کرون ویرینٹ نہیں ہے

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیریز کے جاری رہنے یا ختم کرنے کا فیصلہ دونوں بورڈز کی باہمی مشاورت سے ہوگا جبکہ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصلہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کو کرنا ہے۔