پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے سگے بھائی چوہدری وجاہت حسین کی جانب سے سنگین الزامات کے جواب میں سخت ردعمل دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے بڑوں میں اختلافات شدید ہوگئے ہیں، چوہدری برادران کے درمیان لفظی جنگ اب میڈیا پر شروع ہوگئی ہے، چوہدری شجاعت حسین کے بڑے بھائی نے اپنے
بھائی اور بھتیجےپر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے جس کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے سخت ردعمل دیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں۔ نیشنل لیول کے ایک بڑے لیڈر آصف علی زرداری کے متعلق الزام تراشی کی ہے اور میرے بیٹوں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ڈالر مانگے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اگر واقعی وجاہت حسین نے یہ باتیں کی ہیں تو یہ نہایت بیہودہ باتیں ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ سے متعلق چوہدری وجاہت حسین کے بیان کو غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔
سربراہ ق لیگ نے کہا کہ میرے بیٹوں سے متعلق الزامات پر میں کسی وقت گجرات جاکر جواب دوں گا اور بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے گجرات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین نے زرداری سے کہا ہمیں بھی کچھ ڈالر دیں۔زرداری نے کہا آپکو بھی ڈالر پہنچ جائیں گے۔
چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ عمران خان جو بیرونی سازش کا کہہ رہے ہیں وہ درست ہے اورثابت ہوگیا کہ ڈالر چلے ہیں۔
چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ چودھری ظہور الہٰی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی، طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا۔