بہاولنگر میں دکاندار نے چائے کی پتی چوری کا الزام لگا کر خواتین کو سرعام تذلیل کا نشانہ بنا ڈالا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسانیت سوز واقعہ بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد میں پیش آیا جہاں ایک دکاندار نے 2خواتین گاہکوں پر چائے کی پتی کے پیکٹ کی مبینہ چوری کا الزام لگا کر انہیں بازار میں سرعام تذلیل کا نشانہ بنایا۔
بازار کے دکاندار وں نے خود ہی الزام لگا کر خود ہی عدالت لگائی ،فیصلہ سنایا اور خود ہی اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے خواتین کو ان کے دوپٹے سے باندھ کر ننگے سر بازار میں گھسیٹنا شروع کردیا ،دکاندار خواتین کو بازار میں گھسٹیتے ہوئے انہیں مسلسل ہراساں بھی کرتے رہے اور اردگرد موجود لوگ ان مناظر کو اپنے موبائل فونز کے کیمروں میں قید کرتے رہے۔
جیسے ہی واقع کی اطلاع پولیس کو ملی تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر خواتین کو دوکانداروں کے چنگل سے آزاد کروایا، مگر خواتین کانسٹیبل کی عدم موجودگی کے باعث متاثرہ خواتین کو پیدل ہی پولیس اسٹیشن تک لے جایا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین پر چوری کا الزام ہے،تفتیش شروع کردی ہے ، حقائق سامنے آنے کے بعد ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزاد ی جائے گی۔پولیس نے واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔