پی سی بی نے سال2021 کے بہترین قومی کرکٹرز کیلئے ایوارڈز کا اعلان کر دیا

10pcb%20awards.jpg

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 2021 کیلئے کھلاڑیوں کے ایوارڈز کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق محمد رضوان کو ٹی 20، بابراعظم کو ون ڈے اور حسن علی کو ٹیسٹ کا پلیئر آف دی ایئر قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے 2021 کے ایوارڈز میں محمد رضوان کو سب سے قیمتی کھلاڑی قرار دیا ، محمد رضوان کو یہ ایوارڈوکٹوں کے پیچھےسے 56 کھلاڑیوں کو شکار کرنے، ٹیسٹ میں 455 ، ون ڈے میں 134 اور ٹی 20 میں ریکارڈ1326 رنز بنانے پر دیا گیا ہے۔


محمد رضوان کو اس کے علاوہ ٹی 20 میں ریکارڈ رنز بنانے پر ٹی 20 کرکٹ میں پلیئر آف دی ایئر بھی قرار دیا گیا، اس اعزاز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس ایوارڈ کو جیتنا فخر کی بات ہے،اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ون ڈے کرکٹ کیلئے پلیئر آف دی 2021 قرار دیا، انہوں نے 6 میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنائے۔

FIbRfGdUYAECTtd


ٹیسٹ کرکٹ کے پلیئر آف دی ایئر قرار دیئے جانے والے حسن علی نے 2021 کے دوران 9 میچز کھیلے اور 41 وکٹیں حاصل کیں، اس دوران انہوں نے ایک میچ کے دوران10 وکٹیں جبکہ پانچ اننگز میں پانچ ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

حسن علی نے کہا کہ پی سی بی کا ایوارڈ ملنا فخر کا لمحہ ہے راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 10 وکٹیں لینا سال کا بہترین و یادگار لمحہ تھا۔

پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف تباہ کن باؤلنگ کرنے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو سال کی سب سے متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ دیاہے۔