پی ایس ایل 6 کا سنسنی خیز مقابلہ، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

Siasi Jasoos

Chief Minister (5k+ posts)

کراچی: نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ کے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر دیگر ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

187 رنز کے تعاقب میں میدان میں اترنے والے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر اور جوئے ڈینلی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو ساری ذمہ داری فخر زمان کے کندھوں پر آ گئی۔ تاہم فخر زمان نے کراچی کنگز کے باؤلرز کے دباؤ میں آئے بغیر بہت ذمہ داری سے بلے بازی کی۔

فخر زمان نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی یادرگار اننگز کھیلی۔


وکٹ کی دوسری جانب بین ڈنک نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور ٹیم کو جیت کی جانب گامزن رکھا۔

میچ کے سیکنڈ لاسٹ اوور میں محمد عامر کی باؤلنگ انتہائی ناقص رہی۔ انہوں نے اپنے آخری اوور میں 20 رنز دے کر لاہور قلندرز کی جیت کی راہ ہموار کردی۔


فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں آنے والے بلے باز ڈیوڈ وائسی نے میچ کے آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر لگاتار چھکے مار کر لاہور قلندرز کو اس سنسنی خیز میچ کا فاتح بنا دیا۔

بین ڈنک 57 جبکہ ڈیوڈ وائسی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے 187 رنز کا ہدف صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور انیس اعشاریہ دو اوورز میں 189 رنز بنائے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے تھے۔


کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان نے ایک بار پھر زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صرف 39 گیندوں پر 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد نبی 57 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے صرف 27 رنز دے کر کراچی کنگز کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف، احمد دانیال، ڈیوڈ وائس اور سامت پٹیل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

https://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Cricket/590278