پی ایس ایل 5: دنیائے کرکٹ کے 28 بڑے کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروالی

Siasi Jasoos

Chief Minister (5k+ posts)
EJQHAmzUwAE2Wfx


جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے علاوہ ورلڈکپ کی فاتح انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے رکن معین علی، عادل رشید اور جیسن رائے سمیت 28 غیر ملکی کھلاڑی تاحال پلاٹینم کٹیگری کا حصہ بن چکے۔

پی سی بی، پلاٹینم کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی مکمل فہرست 21 نومبر کو رجسٹریشن ونڈو بند ہونے کے بعد جاری کرے گا۔

آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر موجود بابر اعظم کے علاوہ جدید دور کے عظیم فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پلاٹینم کٹیگری میں شامل جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سمیت 28 غیرملکی کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔

غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے ونڈو تاحال کھلی ہوئی ہے۔ 21 نومبر تک کھلی رہنے والی رجسٹریشن ونڈو کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ فہرست میں شامل تمام کھلاڑیوں کے نام جاری کردے گا۔

کرکٹ کے میدان میں بابر اعظم اور ڈیل اسٹین کے درمیان جنگ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں خبروں کی زینت بن چکی ہے۔

گذشتہ سال سنچورین ٹیسٹ میچ میں قومی بلے باز نے حریف بولر کو 31 گیندوں پر 10 چوکے جڑے تھے۔ بابراعظم نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں بھی ڈیل اسٹین کو 29 گیندوں پر 5 چوکے جڑے تھے۔

آئندہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم کو برقرار رکھنے کے امکانات موجود ہیں تاہم ڈیل اسٹین کی دیگر پانچ میں سے کسی ایک فرنچائز میں شمولیت ایک بار پھر کرکٹ کے مداحوں کو ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں سب سے بہترین بلے باز اور عظیم فاسٹ بولر کو ایک دوسرے کے مدمقابل دیکھنے کا موقع فراہم کردے گی۔

ڈیل اسٹین نے پہلی بارخود کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے رجسٹرڈ کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے مایہ ناز فاسٹ بولر کی شمولیت سے 2016 میں شروع ہونے والی لیگ کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

لیگ میں شرکت کے لیے آئندہ سال پاکستان آنے والے ڈیل اسٹین نے آخری بار 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

ڈیل اسٹین نے کہا کہ پاکستانی مداحوں کے لیے کرکٹ ہی سب کچھ ہے اور وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ڈرافٹ پول کے ذریعے اس کا حصہ بننے جارہے ہیں۔

ڈیل اسٹین اور ہاشم آملہ کے علاوہ ورلڈکپ کی فاتح انگلینڈ ٹیم کے معین علی، جیسن رائے اور عادل رشید سمیت 28 غیرملکی کرکٹرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی رجسٹریشن کرلی ہے۔

سنہ 2017 میں آئی سی سی ورلڈ الیون کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے والے ہاشم آملہ نے بھی اُس سے قبل پاکستان کا آخری دورہ 2007 میں ہی کیا تھا۔ معین اور عادل رشید اگر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے کسی اسکواڈ میں شامل ہوتے ہیں تو یہ دونوں کھلاڑیوں کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

معین علی کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں شمولیت پر بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک کھلاڑی لیگ میں کھیل کے معیار کی تعریفیں کرتے ہیں، وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں شمولیت کے لیے بیتاب ہیں۔

معین علی کے علاوہ جیسن رائے اور عادل رشید بھی ورلڈکپ کی فاتح انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔

جیسن رائے نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں سنسنی خیز اور منفرد لمحات فراہم کرتا ہے اور یہ لیگ بھی اسی کے ایک مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کے پرجوش مداح موجود ہیں اور ان کی موجودگی میں کرکٹ کھیلنا ان کے لیے کسی دلفریب لمحے سے کم نہیں۔

ایلکس ہیلز نے کہا کہ انہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سلسلے میں کراچی میں کھیلے گئے میچز اب بھی یاد ہیں اور وہ اس تجربہ کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے مختصر دورانیے میں بہت پذیرائی حاصل کی ہے۔

کیرون پولارڈکا کہنا ہے کہ گذشتہ سال شائقین کرکٹ سے کھچاکھچ بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کے لیے کیا معنی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بننا ان کے کیرئیر میں خاص اہمیت رکھتا ہے اور وہ 2019 میں بھی اس میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔

آٹھ ممالک کے 28 کھلاڑیوں میں سے 7 کا تعلق انگلینڈ، جنوبی افریقہ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 5، آسٹریلیا اور افغانستان سے 3،3، سری لنکا کے دو جبکہ ایک ایک کھلاڑی کا تعلق نیوزی لینڈ اور نیپال سے ہے۔

اب تک پلاٹینم کٹیگری میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست:

افغانستان: محمد نبی، مجیب الرحمٰن اور راشد خان

آسٹریلیا: ڈین کرسٹن، بین کٹنگ اور کرس لین

انگلینڈ: معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے

نیپال: سندیپ لمیچانے

نیوزی لینڈ: کولن منرو

جنوبی افریقہ: ہاشم آملہ، جے پی ڈومنی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر

سری لنکا: اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا

ویسٹ انڈیز: کارلوس بریتھ ویٹ، ڈوائن براؤو، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ

http://www.aaj.tv/latest/244962