ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد مشہور بھارتی اداکار نے پاکستانی ٹیم سے معافی مانگ لی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشہور بھارتی اداکار کمال راشد خان نے بھارتی ٹیم کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم سے میچ سے قبل کیے گئے اپنے تجزیے پر معافی مانگ لی ہے۔ گزشتہ روز میچ سے قبل کمال راشد خان نے پاکستانی ٹیم کا ایک گلی کی ٹیم سے موازنہ کیا تھا جس پر انہوں نے معافی مانگی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کمال راشد خان نے کہا کہ آج میں نے 5،6 سالوں کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھا اسی لیے مجھے علم نہیں تھا کہ پاکستان کی ٹیم اتنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی ٹیم کے گلی کی ٹیم سے موازنے سے متعلق اپنے بیان پر شرمندہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں۔
بھارتی اداکار نے بالی ووڈ ایکشن ہیرو اکشے کمار کی دوران میچ اسٹیڈیم میں موجودگی کو بھی بھارتی ٹیم کی ہار کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑے بھائی اکشے جی آپ میچ دیکھنے کیوں گئے تھے، آپ اور ویرات کوہلی کی منفی سوچوں کی وجہ سے پاکستان نے ہمیں 10 وکٹوں سے شکست دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ پاکستانی کپتان بابراعظم آئی سی سی ٹی 20 رینک میں دوسرے نمبر کے بہترین کھلاڑی ہیں، یعنی بابراعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے بھی بڑے کھلاڑی ہیں یہ میرے لیے ناقابل یقین ہے، 21 سالہ شاہین شاہ آفریدی ایک خطرناک بولر ہیں۔