پاکستان کی کتنے فیصد آبادی کورونا ویکسین لگواچکی ہے؟

5pakitanvaccinated.jpg

وزارت صحت نے ملک بھر میں کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک ملک کی 43 فیصد آبادی کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں ویکسی نیشن کے اہل افراد کی تعداد15 کروڑ36لاکھ15ہزار747 ہے جس میں سے 12 کروڑ60 لاکھ 87 ہزار515 شہریوں کی مکمل یا جزوی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق اس وقت ملک میں اہل افراد کی کل تعداد کے64 فیصد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ جزوی و مکمل ویکسی نیشن کروانے والے افراد کی شرح 82 فیصد ہوچکی ہے۔

علاقائی اعتبار سے وفاقی دارالحکومت میں ویکسین لگوانے والے افراد کی شرح81 فیصد سب سے زیادہ ہے، پنجاب 70 فیصد کی شرح کے ساتھ دوسرے پر ہے۔

سندھ میں ویکسی نیشن کروانے والے اہل افراد کی شرح59 فیصد، بلوچستان میں57 فیصد، خیبرپختونخوا54 فیصد، آزاد کشمیر50 فیصد اور گلگت بلتستان میں یہ شرح48 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔