پاکستان سپرلیگ 7: تمام ٹیموں کے سکواڈمکمل، کس نےکس کو منتخب کیا؟

psl-2-222drafts11.jpg


پاکستان سپر لیگ کی تمام چھ فرنچائزز نے ایڈیشن 2022 کے سپلیمنٹری اور ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں موجود اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے۔

ڈرافٹ میں پہلی سپلیمنٹری پک ایڈیشن 2020 کی چیمپئن کراچی کنگز کو ملی، جس نے پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر برائے 2021 کا ایوارڈ جیتنے والے خیبر پختونوخوا کے صاحبزادہ فرحان کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔

دوسری پک میں لاہور قلندرز نے فاسٹ باؤلر محمد عمران رندھاوا کو منتخب کرلیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے فاسٹ باؤلر موسیٰ خان، اور ملتان سلطانز نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی جبکہ پشاور زلمی نے محمد عمر کو منتخب کیا۔

دوسرا راؤنڈ ریورس آرڈر کے بعد ہوا. جہاں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے رضوان حسین کا چناؤ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے غلام مدثر، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ظاہر خان جبکہ لاہور قلندرز نے عاکف جاوید اور کراچی کنگز نے جارڈن تھامپسن کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔


ہر فرنچائز کو دو سپلیمنٹری پک میں زیادہ سے زیادہ ایک غیر ملکی کرکٹر کو منتخب کرنے کی اجازت تھی۔ ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں ملتان سلطانز نے اوڈین اسمتھ کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر جانسن چارلس کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوید الحق کی جگہ لیوک ووڈ، جیمز ونس کی جگہ ول سمیڈ، جیسن رائے کی جگہ شمرون ہیٹمائر اور افغانستان کے نور احمد کی جگہ علی عمران کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ کراچی کنگز نے ٹام ایبل، جو انجری کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں کی جگہ اویشیکا فرنینڈو کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

کراچی نے قومی انڈر 19 کپتان قاسم اکرم کی جگہ اسپنر محمد طحہ خان کو بھی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ قاسم اکرم آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔ اسی طرح سینٹ کٹس میں موجود قومی انڈر 19 اسکواڈ میں شامل ذیشان ضمیر کی جگہ محمد حریرہ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے ڈیبیو فرسٹ کلاس سیزن میں شاندار ٹرپل سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بھی بنائے تھے۔

ابتدائی چند میچز کے لیے انگلش وکٹ کیپر بیٹر فل سالٹ کی عدم دستیابی نے بین ڈنک کو دوبارہ لاہور قلندرز کا حصہ بنا دیا ہے۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ایک ایک سپلیمنٹری پک محفوظ رکھی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے علاوہ باقی پانچوں فرنچائزز نے متبادل راؤنڈ میں اپنی پک محفوظ کر لی ہے۔

پک کیے گئے کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ، سپلیمنٹری راؤنڈ میں موسیٰ خان، ظاہر خان، ریپلیسمنٹ راؤنڈ میں محمد حریرہ ،کراچی کنگز سپلیمنٹری راؤنڈ میں صاحبزادہ فرحان، جارڈن تھامپسن جبکہ ریپلیسمنٹ راؤنڈ میں اویشہ فرنینڈو، محمد طحہ خان۔ لاہور قلندرز نے سپلیمنٹری راؤنڈ میں محمد عمران رندھاوا، عاکف جاوید اور ریپلیسمنٹ راؤنڈ میں بین ڈنک کو اسکواڈ کا حصہ بنایا۔

دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے سپلیمنٹری راؤنڈ میں ڈیوڈ ولی (ڈائمنڈ)، رضوان حسین اور ریپلیسمنٹ راؤنڈ میں جانسن چارلس (ڈائمنڈ) کو حاصل کیا۔ پشاور زلمی نے سپلیمنٹری راؤنڈ میں محمد عمر کو شامل کیا جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سپلیمنٹری راؤنڈ میں غلام مدثر اور ریپلیسمنٹ راؤنڈ میں لیوک ووڈ، ول سمیڈ، شیمرون ہیٹمائر اور سلور کیٹگری میں علی عمران کو شامل کر لیا ہے۔