پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ورکرز کی بھرتیوں ، مہارت سے متعلق معاہدہ

pak-sadia.jpg


پاکستان اور سعودی حکومت کے درمیان اہم معاہدوں کا سلسلہ جاری، پاکستانی ہنرمند افراد کے روزگار کے لئے سعودی حکومت کے ساتھ دو معاہدوں پر دستخط کردیئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان ورکرز کی بھرتی اور ہنر کی تصدیق کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے پاکستانی افرادی قوت کے لیے ورکرز کی بھرتی اور ہنر کی تصدیق کے پروگرام سے متعلق دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

بیان میں کہا ہے کہ معاہدوں پر دستخط کی تقریب وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ورثہ شفقت محمود کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی۔ یہ معاہدہ تنازعات کو حل کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی پر ریکروٹمنٹ دفاتر، کمپنیوں یا ایجنسیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے میں بھی مدد دے گا۔

یہ معاہدہ سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے پاکستانی کارکنوں کو ان کے جائز حقوق کا تحفظ اور جامع قانونی تحفظ فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سٹیٹ بنک آف پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کئے تھے، اس معاہدے کے تحت سعودی فنڈ نے پاکستان سٹیٹ بنک کے پاس تین ارب ڈالر رکھوائے ہیں، جو بینک کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بن گئی ہے اور کووڈ 19 کی وبا کے معیشت پر منفی اثرات دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔