ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم معرکے میں اسکاٹ لینڈ کا بھارت کو چیلنج

7indcot.jpg

بھارت کیلئے ڈو اور ڈائی میچ کے حریف اسکاٹ لینڈ نے سوشل میڈیا پر بھارت کو چیلنج کردیا۔

آج بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیل رہا ہے، پہلے 2 میچز ہارنے کے بعد بھارت کیلئے اپنے بقیہ تمام میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے، بھارت کے گزشتہ میچ میں افغانستان کو اچھے مارجن سے ہرا کر اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرلیا ہے۔

آج کا میچ بھی بھارت کیلئے انتہائی اہم ہے مگر حریف ایک کمزور ٹیم ہے جو پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے، تاہم اس کمزور ٹیم نے میچ سے قبل بھارت کو اپنے آفیشل فیس بک پیج سے بڑا چیلنج کردیا ہے۔

فیس بک پر "کرکٹ اسکاٹ لینڈ" کے ویری فائیڈ پیج سے اسکاٹ لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کی تصاویر شیئر کی گئیں اور اس کے ساتھ بھارت کو مخاطب کرکے پیغام دیا گیا کہ " اگر آپ یہ ٹرافی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے آپ کو ہمیں ہرانا ہوگا ہم آپ کو ٹف ٹائم دیں گے"۔

https://twitter.com/x/status/1456579407305445377
اسکاٹ لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، دیکھنا ہوگا کہ کمزور ٹیم کا جارحانہ چیلنج میدان میں کس حد تک مضبوط ثابت ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے اس گروپ میں پاکستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے تاہم بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل کی دوڑ ابھی جاری ہے، بھارت اپنے تین میچز میں سے 2 میں شکست کھا چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ اپنے 4 میچز میں سے 3 جیت چکا ہے، اگر نیوزی لینڈ ٹیم افغانستان کو بھی شکست دے دیتی ہے تو بھارت کسی بھی طرح سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکتا۔