ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی طبیعت سنبھل گئی،ہسپتال سے ڈسچارج

5abidgood%20news.jpg

پاکستانی اوپننگ بیٹسمین دل کی شریانوں کی سرجری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دل کی تکلیف کے بعد ہسپتال پہنچنے والے عابد علی کی طبیعت دل کی شریانوں میں 2 اسٹنٹس ڈلوانے کے بعد اب بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے،ڈاکٹرز نے ان کی طبیعت میں بہتری کو دیکھتے ہوئے انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عابد علی کے والد نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عابد کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے مگر وہ 2 ہفتوں تک کراچی میں ہی ری ہیب کریں گے۔


انہوں نے مزید کہا کہ عابد علی کے ری ہیب کا تمام عمل اسپتال میں ہی مکمل کیا جارہا ہے جس کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے رہائش کے تمام انتظامات کردیئے ہیں، عابد کی طبیعت میں 110 فیصد تک بہتری دیکھی جارہی ہے ان کی صحتیابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کا شکرگزار ہوں۔

واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران عابد علی کو اچانک دل کی تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ کیے گئے تو پتا چلا کہ ان کے دل کے 2 والو بند ہیں جس کے بعد ان کا آپریشن کرکے بند شریانوں میں اسٹنٹس ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کراچی کے ایک نجی اسپتال میں عابد علی کی سرجری کی گئی اور ان کے دل کے 2 بند والو کھولنے کیلئےاسٹنٹ ڈالے گئے ، سرجری نے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں مکمل بیڈ ریسٹ اور کرکٹ گراؤنڈ سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔