ٹوئٹر کی ملکیت تبدیل ہونے کے بعد کیا ٹرمپ ٹوئٹر پر واپس آ ئینگے؟

trum112.jpg

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں چاہے ایلون مسک تاحیات پابندی ہٹا بھی دیں۔

امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگلے ہفتے سے میں اپنا "ٹورتھ سوشل پلیٹ فارم" استعمال کرنا شروع کردوں گا۔ میں ٹوئٹر پر نہیں جارہا بلکہ "ٹورتھ" پر ہی رہنا چاہوں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایلون ایک اچھا آدمی ہے، مجھے امید ہے کہ ایلون مسک ٹوئٹر میں بہتری لائے گا۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد ٹوئٹس کی گئی تھیں جن میں انہوں نے کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے لوگوں کو محبِ وطن کہہ کر پکارا تھا، جس کے بعد ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے ان پر پابندی لگا دی تھی۔

تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تو سابق امریکی صدر نے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے "ٹورتھ سوشل" کے نام سے ایک ایپ بھی معتارف کرائی تھی۔

دوسری جانب ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے گزشتہ روز ملازمین کو بتایا کہ ٹوئٹر کے ساتھ ارب پتی ایلون مسک کے معاہدے کے بعد اس کا مستقبل بے یقینی کی صورت اختیار کر جائے گا۔

ٹاؤن ہال میں کمپنی کے ملازمین سے ملاقات کے دوران بھارتی نژاد پراگ اگروال نے کہا کہ ایک بار معاہدہ ہوگیا تو ہم نہیں جانتے کے پلیٹ فارم کس سمت جائے گا۔