ووٹوں کی خریداری کی مبینہ وائرل ویڈیو،الیکشن کمیشن ان ایکشن

9ecpactrion.jpg

الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی الیکشن سے قبل مبینہ طور پر ووٹ خریدنے سے متعلق ویڈیو کا نوٹس لے لیا، ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک دوسرے پر الزام عائد کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ای سی پی کو قطاروں میں لگا کر پیسے بانٹنے اور پی ایم ایل این کےپوسٹر سجا کر پیسے بانٹنے والی تمام ویڈیوز کا سائنسی تجزیہ ضرور کروائے، مشکل ترین حالات میں اس حلقہ سے بارھا جیتنے والی پی ایم ایل این یہ مکروہ کام کیوں کرے گی۔

image.jpg


ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پیسے بانٹ کر ڈبل فِگر حاصل کرنے کی کوشش کرنےاورجعلی ويڈیو بنانے والے پکڑے جائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے کارکن محمد عارف نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ پیپلزپارٹی والے حلقے میں ووٹوں کی خریداری کر رہے ہیں۔محمد عارف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار حلف لےکر ووٹر کو 2 ہزار روپے دے رہے ہیں۔


دوسری جانب سیکرٹری انفارمیشن پیپلز پارٹی پنجاب شہزاد چیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ایسی ویڈیوز دونوں جماعتوں کی طرف سے وائرل ہو رہی ہیں۔

خیال رہےکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 پر ضمنی الیکشن 5 دسمبرکو ہوگا، یہ نشست مسلم لیگ ن کے پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔